پمپ اینڈ ڈمپ کیس میں پھنسے ارشد وارثی،سیبی نے 1 سال کے لیے اسٹاک مارکیٹ میں داخلے پر پابندی عائد کی

تاثیر 29 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 30 مئی: مارکیٹ ریگولیٹر سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج بورڈ آف انڈیا (سیبی) نے بالی ووڈ اداکار ارشد وارثی، ان کی اہلیہ ماریہ گوریٹ اور ان کے بھائی کے خلاف پمپ اینڈ ڈمپ کیس میں کارروائی کرتے ہوئے ان پر ایک سال کے لیے سکیورٹیز مارکیٹ میں تجارت کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔ مارکیٹ ریگولیٹر نے ان لوگوں پر پانچ پانچ لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ان سے 1.05 کروڑ روپے کی غیر قانونی طور پر کمائے گئے کالے دھن کو ضبط کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔
مارکیٹ ریگولیٹر سیبی نے یہ کارروائی غیر منصفانہ طریقوں سے سادھنا براڈکاسٹ لمیٹڈ (ایس بی ایل) کے حصص کی قیمت کو غلط طریقے اپنا کر بڑھانے اور پھر انہیں اونچی قیمت (پمپ اینڈ ڈمپ) پر فروخت کرنے کے معاملے میں کی ہے۔ اس معاملے میں، سیبی نے 5 سال کے لیے سات دیگر لوگوں پر اسٹاک مارکیٹ میں داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی مجموعی طور پر 54 افراد پر 1 برس کی پابندی لگائی گئی ہے۔ ان 54 افراد میں ارشد وارثی، ان کی اہلیہ اور ان کے بھائی کے نام بھی شامل ہیں۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ سادھنا براڈکاسٹ لمیٹڈ کا نام اب تبدیل کر کرسٹل بزنس سسٹم لمیٹڈ کر دیا گیا ہے۔