تاثیر 15 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
رائے پور/درگ بھیلائی، 15 مئی: چھتیس گڑھ کے درگ ضلع میں ایک بڑی کارروائی میں اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) نے کل رات بھیلائی کے سپیلا علاقے سے غیر قانونی طور پر مقیم بنگلہ دیشی خاتون کو گرفتار کیا۔ ملزمہ خاتون پنا بی بی جعلی شناخت اور دستاویزات کی بنیاد پر گزشتہ دو سال سے روپوش تھی اور بھارت میں مقیم تھی۔
پولیس کے مطابق یہ خاتون اپنا اصلی نام چھپا کر انجلی سنگھ عرف کاکولی گھوش کے نام پر سپیلا میں ایک مکان میں کرائے پر رہ رہی تھی اور فرضی آدھار کارڈ کے ذریعے سرکاری خدمات کا فائدہ بھی اٹھا رہی تھی۔ تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ پنا بی بی کا تعلق بنگلہ دیش کے ضلع کھلنا سے ہے۔ وہ بغیر کسی درست پاسپورٹ اور ویزا کے ہندوستان-بنگلہ دیش بین الاقوامی سرحد عبور کر کے تقریباً آٹھ سال قبل بونگاؤں-پیٹروپول (مغربی بنگال) کے راستے ہندوستان میں داخل ہوئی تھی۔ اس کے بعد وہ 5 سال تک سوناگاچھی، کولکاتہ اور پھر 1 سال دہلی میں رہیں۔ دہلی میں پوجا نامی خاتون کے رابطے میں آنے کے بعد وہ اس کے ساتھ بھلائی آگئی اور سپیلا کے نہرو چوک میں انجلی سنگھ کے نام سے ایک مکان میں رہنے لگی۔