تاثیر 6 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
جموں، 6 مئی:جموں کے سرحدی علاقوں کے مکینوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ زیرِ تعمیر اور خستہ حال بنکروں کی فوری مرمت اور تکمیل کو یقینی بنائے، جو سرحد پار سے فائرنگ اور گولہ باری کے دوران ان کی واحد پناہ گاہ ہیں۔ پہلگام میں ہونے والے دہشت گرد حملے میں 26 بے گناہ سیاحوں کی ہلاکت نے نہ صرف جنگ بندی کے بعد قائم ہونے والے امن کو پارہ پارہ کر دیا ہے بلکہ سرحدی بستیوں میں خوف و ہراس کی فضا مزید گہری کر دی ہے۔
محض 500 میٹر کے فاصلے پر پاکستانی پوسٹوں کے سامنے واقع چندو چک جیسے حساس دیہات ماضی میں متعدد بار گولہ باری کا سامنا کر چکے ہیں، مگر وہ آج بھی ناقص، نامکمل اور غیر محفوظ بنکروں پر انحصار کرنے پر مجبور ہیں۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ زیادہ تر بنکر خستہ حال ہیں۔ بجلی، پانی اور بیت الخلا تو درکنار، کئی کی چھتیں بھی نہیں۔ دو برس قبل تعمیراتی کام بند ہوا اور پھر کسی نے پلٹ کر خبر نہ لی۔