سہسرام ​​بوڑھن موڑ قریب این ایچ 19 پر کھڑی کنٹینر میں لگی آگ،لاکھوں کے سامان خاکستر

تاثیر 23 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

              سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) روہتاس ضلع دریگاؤں تھانہ علاقہ اور سہسرام قریب بوڑھن موڑ این ایچ 19 پر کھڑی ایک کنٹینر میں اچانک آگ لگ گئی جسکی وجہ سے اس میں رکھا لاکھوں روپئے کا سامان جل کر راکھ ہو گیا ۔ بتایا گیا کہ یہ واقعہ آج دوپہر کے وقت پیش آیا ۔ کولکتہ سے بنارس جارہا ایک کنٹینر ہائی وے کے کنارے کھڑا ہوا تھا اسی دوران تیز ہوا چلی اور کنٹینر اوپر سے گزرنے والے ہائی ٹینشن تار سے ٹکرایا جس کی وجہ سے کنٹینر میں آگ لگ گئی اور کچھ ہی دیر میں اس میں رکھا تمام سامان جل کر راکھ ہو گیا ۔ کنٹینر میں آگ لگتے ہی ہائی وے پر افراتفری مچ گئی ۔ کنٹینر سے خوفناک شعلے نکلتے دیکھ دیگر ڈرائیور بھی رک گئے، آس پاس کے لوگ بھی موقع پر جمع ہو گئے اور آگ بجھانے کی کوشش شروع کر دی، لوگوں نے فائر بریگیڈ کو اطلاع دی، کچھ دیر بعد فائر انجن پہنچا اور کافی کوشش کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا ۔ اس متعلق دریگاؤں پولس اسٹیشن کے صدر کپل کمار پاسوان نے بتایا کہ بوڑھن موڑ کے قریب قومی شاہراہ کے جنوب جانب کھڑے ایک کنٹینر میں اچانک آگ لگ گئی جسکی وجہ سے اسمیں رکھا لاکھوں روپئے کا سامان جل کر برباد ہوگیا، انہوں نے بتایا کہ کنٹینر اوپر سے گزرنے والی ہائی ٹینشن تار سے ٹکرایا جسکی وجہ سے اسمیں آگ لگ گئی، فائر بریگیڈ کی ٹیم نے بروقت پہنچ کر آگ پر قابو پالیا ۔ فی الحال آگ سے ہونے والے نقصان کا اندازہ لگایا جا رہا ہے ۔ اب ہائی وے پر ٹریفک راستے مکمل طور پر معمول پر ہو گئی ہے ۔