تاثیر 7 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ممبئی، 7 مئی : انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل 2025) کے ایک سنسنی خیز میچ میں گجرات ٹائٹنز نے ممبئی انڈینز کو ڈک ورتھ لوئس اصول کی بنیاد پر 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔
ممبئی انڈینز نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 155 رن بنائے جس کے بعد بارش نے میچ میں کئی بار رکاوٹیں ڈالیں اور آخر کار گجرات کو 19 اوورز میں 147 رن کا ہدف ملا جسے گجرات نے آخری گیند پر 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
میچ کے بعد کپتان شبھمن گل کا کہنا تھا کہ جب ٹیم ہدف کا تعاقب کرنے آئی تو کنڈیشنز ٹیسٹ میچ جیسی لگیں۔ تیز ہوا چل رہی تھی اور بارش نے بیٹنگ کو انتہائی مشکل بنا دیا تھا۔
پاور پلے میں احتیاط سے کرکٹ کھیلی
گِل نے کہا، ’’پاور پلے کے دوران ہمارا گیم پلان بالکل مختلف تھا۔ چار سے پانچ اوورز تک ایسا لگا کہ ہم کوئی ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں۔ ہمیں نارمل کرکٹ کھیلنی پڑی۔ پاور پلے کے بعد ہم نے اپنے کھیل میں واپسی کا سوچا، لیکن بارش ہمیں بار بار روک رہی تھی۔‘‘