انکاونٹرکے دوران پانچ لٹیرے گرفتار

تاثیر 25 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

فیروز آباد، 25 مئی: ضلع کے دو تھانوں کی پولیس ٹیموں نے سنیچر کی دیر رات ایک تصادم میں پانچ بدنام زمانہ لٹیروں کو گرفتار کیا۔ ان میں سے تین گولی لگنے سے زخمی ہوئے ہیں۔ جنہیں پولیس نے علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا ہے۔
ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سٹی روی شنکر پرساد نے اتوار کو بتایا کہ 20 مئی کو رام گڑھ تھانہ علاقہ کے تحت ایک دیسی شراب کی دکان میں چوری کا واقعہ پیش آیا۔ اس واقعہ کا پردہ فاش کرنے کے لیے پولیس ٹیمیں تعینات کر دی گئیں۔ کل رات رام گڑھ تھانہ انچارج سنجیو کمار دوبے پولس ٹیم کے ساتھ گشت کر رہے تھے، جب اطلاع ملی کہ ڈگری کالج انڈر پاس کے قریب کچھ مشکوک افراد موجود ہیں۔ جن کے پاس چوری شدہ مال کی بھاری مقدار موجود ہے اور وہ اسے فروخت کرنے کے درپے ہیں۔
اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے رام گڑھ پولس تھانہ نے چیکنگ کی اور دو موٹر سائیکلوں پر چار مشتبہ افراد کو پکڑ لیا۔ پولیس نے انہیں روکا تو ملزمان نے جان سے مارنے کی نیت سے پولیس ٹیم پر فائرنگ کردی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے دو ملزمان کو ٹانگوں میں گولیاں لگیں جنہیں موقع سے زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ جبکہ کومبنگ اور محاصرے کے ذریعے دو دیگر ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ زخمی ملزمان کی شناخت یوگیش عرف گٹو ولد نریندر، نتن ولد اشوک ساکنہ تھانہ ایکا کے طور پر ہوئی ہے۔ جب کہ دیگر دو کی شناخت سورج ولد کاشیرام ساکنہ گاؤں کٹوک پور چنورہ تھانہ رام گڑھ اور پرشانت عرف ارجن ولد بلونت سنگھ ساکنہ نگلہ دھنی تھانہ رام گڑھ کے طور پر ہوئی ہے۔ ملزمان کے قبضے سے دو مسروقہ موٹر سائیکلیں، مسروقہ شراب کی پانچ بکسیں، ایک ماسٹر چابی، ایک پستول، دو غیر قانونی پستول، چار زندہ اور دو خالی کارتوس اور تین ہزار روپے کی مسروقہ رقم برآمد کر لی گئی۔