سابق سکریٹری دفاع اجے کمار نے یو پی ایس سی چیئرمین کا عہدہ سنبھالا

تاثیر 15 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 15 مئی: وزارت دفاع کے سابق سکریٹری ڈاکٹر اجے کمار نے جمعرات کو یونین پبلک سروس کمیشن (یو پی ایس سی) کے چیئرمین کے عہدے اور رازداری کا حلف لیا۔ انہیں کمیشن کے سب سے سینئر رکن لیفٹیننٹ جنرل راج شکلا (ریٹائرڈ) نے حلف دلایا۔
کیرالہ کیڈر کے 1985 بیچ کے ریٹائرڈ انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس (آئی اے ایس) افسر اجے کمار نے سابق مرکزی صحت سکریٹری اور 1983 بیچ کی آئی اے ایس افسر پریتی سودن کی جگہ لی ہے۔ پریتی سودن کی میعاد پوری ہونے کے بعد 29 اپریل کو یو پی ایس سی چیئرمین کا عہدہ خالی ہوگیا تھا۔
ڈاکٹر اجے کمار نے 35 سال پر محیط اپنے کیریئر کے دوران کیرالہ ریاستی حکومت کے ساتھ ساتھ مرکز میں بھی اہم عہدوں پر کام کیا ہے۔ مرکز میں انہوں نے سائنس اور ٹیکنالوجی کے ڈائریکٹر، جوائنٹ سیکرٹری، وزارت مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی، ڈائریکٹر جنرل، نیشنل انفارمیٹکس سنٹر، ایڈیشنل سیکرٹری، الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت، سیکرٹری دفاعی پیداوار جیسے اہم قلمدان سنبھالے۔ اپنے آخری دور میں انہوں نے سیکرٹری وزارت دفاع کے طور پر خدمات انجام دی ہیں۔
انہوں نے ای-گورننس کے کئی اقدامات شروع کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے، جیسے جیون پرمان (پنشنرز کے لیے ڈیجیٹل لائف سرٹیفکیٹ)، پرگتی (وزیراعظم کی ویڈیو کانفرنس)، بائیو میٹرک اٹینڈنس سسٹم، ایمس میں او پی ڈی رجسٹریشن سسٹم، کلاؤڈ فرسٹ پالیسی، سروس فراہم کنندگان کے استعمال کے لیے حکومت کی کلاؤڈ فرسٹ پالیسی وغیرہ شامل ہیں۔