، ہوڑہ کے نارائنا اسپتال میں ڈاکٹروں کا عظیم کارنامہ، سڑک حادثے کی شکار 7 سالہ بچی کی جان بچائی

تاثیر 14 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

ہوڑہ، 14/ مئی (تاثیر بیورو) نارائنا اسپتال، ہوڑہ کے ڈاکٹروں نے ایک 7 سالہ بچی کو سڑک حادثے میں شدید زخمی ہونے کے بعد بچا کر ایک ناقابلِ یقین کارنامہ سرانجام دیا ہے۔ بچی شدید صدمے کی حالت میں اسپتال لائی گئی، جسے پھیپھڑوں، جگر، گردے، اور جسم کے نچلے حصے میں سنگین زخم آئے تھے۔
ڈاکٹروں کی ماہر ٹیم، بشمول ڈاکٹر شوبھا دیپ داس، ڈاکٹر گوتم چکرورتی، ڈاکٹر اتل شریواستو اور ڈاکٹر آدتیہ کنول نے ایک انتہائی خطرناک اور نازک سرجری کے ذریعے بچی کی جان بچائی۔ دورانِ علاج معلوم ہوا کہ بچی کو نایاب داخلی پیچیدگیاں لاحق تھیں، جن میں خون کے لوتھڑوں نے پیشاب کی نالی کو بند کر رکھا تھا، جو موت کا سبب بن سکتی تھی۔
بچی نے چار ہفتوں تک آئی سی یو میں نمونیا، سیپٹک شاک اور دیگر انفیکشن سے جنگ لڑی۔ 8 مارچ کو اس کا ساتواں جنم دن آئی سی یو میں منایا گیا، اور 19 مارچ کو وہ اسپتال سے ڈسچارج ہو گئی۔ جلد کی پیوندکاری اور بحالی کا عمل جاری ہے، لیکن بچی اب بیٹھ سکتی ہے اور بات بھی کرتی ہے۔