تاثیر 24 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 24 مئی: امریکہ کے ممتاز اعلیٰ تعلیمی ادارے ہارورڈ یونیورسٹی کے سابق طالب علم اور عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ راگھو چڈھا نے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی انتظامیہ پر کڑی تنقید کی ہے۔ چڈھا نے ایکس پوسٹ میں ہارورڈ میں غیر ملکی طلباء کے داخلہ پر ٹرمپ انتظامیہ کی پابندی کی مخالفت کی ہے۔
انہوں نے لکھا، ’’صدر ٹرمپ کے حالیہ اقدامات سے ہارورڈ اور اس سے باہر کے بین الاقوامی طلباء کے خوابوں اور مستقبل کو خطرہ ہے۔ ہارورڈ کمیونٹی کے ایک قابل فخر رکن کے طور پر، میں نے تعلیمی آزادی کے لیے حمایت ظاہر کرنے کے لیے ہارورڈ کی سپورٹ ٹی شرٹ پہنی ہے۔ میں ہارورڈ اور ان تمام بین الاقوامی طلباء کے ساتھ کھڑا ہوں جن کے خواب اور مستقبل خطرے میں ہیں۔ ہمیں تعلیمی آزادی اور عالمی تعاون کا دفاع کرنا چاہیے۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ پابندی عائد کرنے کے بعد ہارورڈ یونیورسٹی نے ٹرمپ انتظامیہ کے خلاف مقدمہ دائر کیا ہے۔