تاثیر 24 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
واشنگٹن، 24 مئی: امریکی وفاقی عدالت نے ہارورڈ یونیورسٹی کے غیر ملکی طلبا کے خوابوں کو چکنا چور ہونے سے فی الحال بچا لیا ہے۔ جمعہ کو ایک وفاقی عدالت نے ٹرمپ انتظامیہ کے جمعرات کے روز ہارورڈ یونیورسٹی کی بین الاقوامی طلبا کو داخلہ دینے کی اہلیت کو منسوخ کرنے کے فیصلے کو عارضی طور پر روک دیا۔ ہارورڈ یونیورسٹی نے ٹرمپ انتظامیہ کے فیصلے کے خلاف وفاقی عدالت کے دروازے پر دستک دی تھی۔ ہارورڈ نے کہا کہ یہ قدم پہلی ترمیم، ڈیو پروسیس کلاز اور ایڈمنسٹریٹو پروسیجر ایکٹ کی واضح خلاف ورزی ہے۔
اے بی سی نیوز چینل کے مطابق امریکی ڈسٹرکٹ جج ایلیسن ڈی بروز نے ہارورڈ یونیورسٹی کو راحت دیتے ہوئے ٹرمپ انتظامیہ کے فیصلے پر عارضی روک لگا دی اور اگلی سماعت منگل کی صبح مقرر کی۔ ہارورڈ یونیورسٹی کے صدر ایلن گاربر نے جمعے کی سہ پہر یونیورسٹی کی طلبہ تنظیم کو بھیجے گئے ایک خط میں وفاقی جج کے حکم کو ’’ہمارے بین الاقوامی طلبا اور اسکالرز کے حقوق اور مواقع کے تحفظ کے لیے ایک اہم قدم‘‘ قرار دیا۔