تاثیر 4 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
شملہ، 4 مئی: اتوار کو ہماچل پردیش کی راجدھانی شملہ سمیت کئی اضلاع میں موسم بدل گیا اور شدید بارش کی وجہ سے معمولات زندگی درہم برہم ہو گئے۔ اتوار کو تقریباً ڈیڑھ بجے شروع ہونے والی موسلادھار بارش اور ژالہ باری نے شہر کی رفتار کو سست کر دیا اور زندگی مکمل طور پر ٹھپ ہو کر رہ گئی۔ بارش اور ژالہ باری نے جہاں عام لوگوں کی نقل و حرکت کو متاثر کیا وہیں اس نے انتظامیہ کی تیاریوں کی کمی کو بھی بے نقاب کردیا۔
موسلادھار بارش کے باعث شملہ شہر کی سڑکیں زیر آب آگئیں جس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ شملہ کے مقامی بس اسٹینڈ پر واقع ٹریفک پولیس کنٹرول روم میں پانی اور کیچڑ داخل ہو گیا۔ چھت سے پانی ٹپکنے لگا اور فرش پر گاد جمع ہو گیا۔ پولیس اہلکاروں کو خود چارج سنبھال کر پانی کی نکاسی کے لیے رکاوٹیں ہٹانا پڑیں۔
ویک اینڈ پر مال روڈ اور رج گراؤنڈ کی سیر کے لیے جانے والے سیاح موسم کی اچانک تبدیلی سے حیران رہ گئے۔ لوگ محفوظ مقامات کی تلاش میں ادھر ادھر بھاگتے نظر آئے۔ کئی گھنٹے تک جاری رہنے والی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کے باعث بازاروں میں سناٹا چھا گیا اور لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ شملہ میں بارش سے موسم سرد ہوگیا۔