ہندوستان اور پاکستان نے جنگ بندی پر اتفاق کیا

تاثیر 10 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 10 مئی: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کی ثالثی میں بھارت اور پاکستان کے درمیان جاری مذاکرات کے بعد دونوں ممالک نے مکمل اور فوری جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ یہ سمجھوتہ رات بھر کی بات چیت کے بعد ممکن ہوا ہے۔ اپنے سرکاری بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ “مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہندوستان اور پاکستان نے مکمل جنگ بندی پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ میں دونوں ممالک کو عقل سلیم اور زبردست ذہانت کا مظاہرہ کرنے پر مبارکباد دیتا ہوں۔
یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی اپنے عروج پر ہے اور عالمی برادری جنگ کے امکان سے پریشان ہے۔ ٹرمپ کے اس دعوے کے بعد بھارت نے بھی اس کی تصدیق کر دی ہے۔ پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی اس کی تصدیق کی ہے۔ پاکستان اور بھارت نے فوری طور پر جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر سمجھوتہ کیے بغیر خطے میں امن و سلامتی کے لیے کوششیں کی ہیں۔