تاثیر 7 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 7 مئی: ہندوستان نے پہلگام دہشت گردانہ حملے میں مارے گئے 26 سیاحوں میں بیوہ ہوئیں خواتین کی مانگ سے اڑے سندور کو ذہن میں رکھتے ہوئے منگل کی آدھی رات کو ’آپریشن سندور‘ شروع کیا۔ ہندوستان نے جیش محمد، لشکر طیبہ اور حزب المجاہدین کے ٹھکانوں کو بغیر سرحد پار کیے ہیمر، اسکیلپ اور میزائلوں سے پاکستان اور پی او کے میں دہشت گردی کے نو کیمپوں پر حملہ کر کے تباہ کر دیا۔ جس کے بعد پاکستان نے جموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر شدید گولہ باری شروع کر دی ہے۔ بھارتی فوج نے ایل او سی پر پاکستانی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔
اس فوجی کارروائی کو ’آپریشن سندور‘ کا نام دیا گیا ہے۔ وزارت دفاع نے اسے ایک منصوبہ بند، متوازن اور محدود جوابی کارروائی قرار دیا ہے جس کا مقصد دہشت گردی کے مراکز کو ختم کرنا ہے اور کسی ملک کی فوج کو نشانہ نہیں بنانا ہے۔ وزارت کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ آپریشن مکمل طور پر ان مقامات پر مرکوز تھا جہاں سے بھارت کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔ یہ حملہ احتیاط سے منتخب اہداف پر کیا گیا اور کسی پاکستانی فوجی اڈے کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔
پہلگام، جموں و کشمیر میں دہشت گردانہ حملے کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے ہندوستان نے منگل کی آدھی رات کے بعد پاکستان اور مقبوضہ کشمیر (پی او کے) میں واقع دہشت گردوں کے نو ٹھکانوں پر درست میزائل حملے کیے۔ ’آپریشن سندور‘ کے تحت ہندوستانی فوج اور ہندوستانی فضائیہ نے پاکستان اور مقبوضہ کشمیر (پی او کے) میں دہشت گردی کے نو لانچ پیڈز کے خلاف درست اسٹرائیک ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے مشترکہ آپریشن کیا۔ سرحد پار کیے بغیر بھارت نے مظفرآباد، سیالکوٹ، کوٹلی، گلپور، بھنور، مریدکے، بہاولپور میں رافیل اور سکھوئی لڑاکا طیاروں سے ہیمر اور اسکلپ میزائلوں کا استعمال کرتے ہوئے دہشت گردوں کے کیمپوں پر حملہ کیا۔

