تاثیر 27 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
لندن، 27 مئی : انگلینڈ میں لیورپول ایف سی (فٹ بال ٹیم) کی فتح پریڈ کے دوران ایک کار ہجوم پر چڑھ جانے سے بچوں سمیت 50 کے قریب افراد زخمی ہو گئے۔ کلب کی پریمیئر لیگ ٹائٹل کی تقریبات کے اختتام پر سٹی سینٹر میں تصادم کے بعد ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ لیورپول شہر کے لیے خوشی کا ایک لمحہ خوف میں بدل گیا۔ یہ واقعہ پیر کی شام کو واٹر اسٹریٹ پر لیورپول ایف سی کی پریمیئر لیگ کی فتح پریڈ میں پیش آیا۔ اس سے خوف و ہراس پھیل گیا۔ شہر کے وسط میں ایک کار پیدل چلنے والوں سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں بچوں سمیت 50 کے قریب افراد زخمی ہو گئے۔ لندن سے لیورپول کا بذریعہ سڑک فاصلہ 210.9 میل ہے۔
لندن کے اخبار دی گارڈین نے رپورٹ کیا کہ ایک 53 سالہ سفید فام برطانوی شخص کار کا ڈرائیور سمجھا جارہا ہے۔ اسے شہر کے وسط میں واقع واٹر اسٹریٹ سے گرفتار کیا گیا۔ واٹر اسٹریٹ رائل لیور بلڈنگ اور ٹاؤن ہال سے چند میٹر کے فاصلے پر ہے۔ لیورپول کے ہزاروں شائقین اپنے کلب کی پریمیئر لیگ جیت کا جشن منانے کے لیے سڑکوں پر نکل آئے تھے۔ ایمرجنسی سروس کے افسران اور عملہ تقریباً 6 بجے ہجوم کو روندنے کی اطلاعات موصول ہونے کے بعد واٹر اسٹریٹ پر پہنچے۔