بلیک آؤٹ کو کامیاب بنانے کے لیے پرمان آڈیٹوریم میں ضلع مجسٹریٹ کی صدارت میں میٹنگ۔

تاثیر 7 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

ارریہ:- (مشتاق احمد صدیقی) بلیک آؤٹ کو کامیاب بنانے کے لیے آج کلکٹریٹ میں واقع پرمان آڈیٹوریم میں سابق فوجیوں، ڈیزاسٹر فرینڈ، اسکاؤٹ، این سی سی رضاکاروں کے ساتھ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ارریہ مسٹر انیل کمار اور پولیس سپرنٹنڈنٹ ارریہ کی مشترکہ صدارت میں ایک بریفنگ میٹنگ بلائی گئی۔

میٹنگ کے تعلق سے ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ وزارت داخلہ، حکومت ہند کی ہدایات پر شہری دفاع کی فرضی مشق کے تحت ارریہ میں آج شام 7 بجے سے 7:10 بجے تک بلیک آؤٹ کیا جائے گا۔ اس دوران 10 منٹ تک بلیک آؤٹ کی صورتحال رہے گی۔ ایمرجنسی سائرن بجنے کے بعد بجلی کا کنکشن خود بخود منقطع ہو جائے گا۔ ہمیں اس دوران بلیک آؤٹ کی صورتحال پیدا کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران ہم اپنے گھروں میں انورٹر، جنریٹر وغیرہ کا استعمال بھی نہیں کریں گے۔ انہوں نے بائیک، آٹو اور دیگر گاڑیوں کو ایک ہی جگہ پر پارک کرنے اور سفر کے دوران مقررہ مدت کے دوران لائٹس بند رکھنے کی اپیل کی، تاکہ ضلع میں موک ڈرل کا کامیاب انعقاد ممکن ہو سکے۔ ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ اسپتال اور ایمبولینس خدمات کو موک ڈرل کے دوران پیدا ہونے والی بلیک آؤٹ صورتحال سے دور رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران ایمرجنسی سروسز پہلے کی طرح برقرار رہیں گی، تاکہ لوگوں کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ ماک ڈرل کا پہلا مرحلہ صرف ارریہ شہری علاقہ میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا سول ڈیفنس سسٹم پوری طرح فعال ہے، ہمیں ان سے مناسب تعاون مل رہا ہے۔ اس لیے آپ سب کو آج کے بلیک آؤٹ کو کامیاب بنانے میں بھرپور تعاون کرنا چاہیے۔ ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ شہریوں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس کا مقصد انہیں آگاہ کرنا اور مستقبل میں پیدا ہونے والی کسی بھی ہنگامی صورتحال میں خود کو تیار رکھنا ہے۔ یہ بلیک آؤٹ ایک قسم کی موک ڈرل ہے، جس سے کسی بھی شہری کو گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ موک ڈرل کے تحت شام کے چھ بج کر انٹھاون منٹ سے 7بجے تک سائرن بجایا گیا جبکہ شام 7 بجے سے 7:10 بجے تک تمام لائٹس بند رکھے گئے۔