مکیش امبانی نے قطر میں امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات کی

تاثیر 15 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 15 مئی: ریلائنس انڈسٹریز لمیٹڈ کے چیئرمین مکیش امبانی نے جمعرات کو دوحہ، قطر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور قطر کے امیر سے ملاقات کی۔ ملاقات کی جاری کردہ فوٹیج میں ریلائنس کے سربراہ امریکی کامرس سکریٹری سٹیو لٹنک سے بات کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
مکیش امبانی کی صدر ٹرمپ سے ملاقات کا عالمی کاروباری دنیا میں کافی چرچا ہے۔ یہ ہائی پروفائل میٹنگ عالمی کاروبار اور سفارت کاری میں مکیش امبانی کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کو ظاہر کرتی ہے۔ ان کی ملاقات قطر کے امیر کی طرف سے صدر ٹرمپ کے لیے دیے گئے سرکاری عشائیے میں ہوئی۔ اس سے پہلے امبانی کو ٹرمپ اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی دونوں کا استقبال کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق دوبارہ صدر بننے کے بعد صنعتکار مکیش امبانی کی ٹرمپ سے یہ دوسری ملاقات ہے۔ اس سے قبل جنوری میں مکیش امبانی اور ان کی اہلیہ نیتا امبانی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دوسری حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی تھی۔