ممبئی حج ہاوس کی یوپی ایس سی کوچنگ پھر ہوئی شروع

تاثیر 23 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

ممبئی، 23 مئی۔راجیہ سبھا میں کانگریس کے رکن عمران پرتاپ گڑھی کی کوششیں رنگ لائیں اور بالآخر تقریباً دو برس بند رہنے کے بعد ممبئی حج ہاوس میں چلنے والی مفت رہائشی یوپی ایس سی کوچنگ پھر سے شروع ہو گئی ہے۔ وزارت برائے اقلیتی امور کی ماتحت حج کمیٹی آف انڈیا نے اس سے متعلق باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے اور خواہش مند طلبا سے اس کے لئے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔
واضح ہو کہ یوپی ایس سی اور دیگر ریاستی سول سروسز امتحانات کے خواہشمند طلبا کے لئے ممبئی حج ہاوس میں حج کمیٹی کے ذریعہ 2009سے فری ریزیڈنشیل یوپی ایس سی کوچنگ چلائی جا رہی تھی۔ اس میں منتخب طلبا کو مفت کوچنگ کے ساتھ- ساتھ ہاسٹل کی سہولت بھی فراہم کی جاتی تھی۔ کوچنگ سروسز کے امتحانات دینے والے بالخصوص غریب طلبا اس کوچنگ سے کافی مستفید ہوئے اور اس کے قیام کے بعد سے تقریبا 25طلبا یوپی ایس سی میں منتخب ہوئے اور 150کے قریب نے ریاستی اور دیگر سرکاری ملازمتوں میں کامیابی حاصل کی۔
کوچنگ کی اس شاندار حصولیابی کے باوجود موجودہ حکومت نے اسے کورونا وبا اور دیگر وجوہات کا حوالہ دے کر دو برس قبل دسمبر 2023میں بند کر دیاجس کی کئی سیاسی وسماجی شخصیات نے کھلے طور پر مذمت کی۔ کانگریس رہنما عمران پرتاپ گڑھی نے آج سے تقریباً دو ماہ قبل مارچ 2025 میں پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کے دوران راجیہ سبھا میں اس مدعے کو پرزور طریقے سے اٹھایا اور وزارت برائے اقلیتی امور سے سوال کیا کہ جب اسے ان کے پیسے سے نہیں چلایا جا رہا ہے تو حکومت کو اسے چلانے میں پریشانی کیا ہے؟ انہوں نے حکومت سے درخواست کی کہ حاجیوں کے پیسے سے چلنے والی اس کوچنگ کو دوبارہ شروع کیا جائے۔
عمران پرتاپ گڑھی کی اس پرزور مانگ کے آگے آخرکار حکومت کو مجبور ہونا پڑا اور حج کمیٹی آف انڈیا نے اب اس کیلئے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر درخواستیں طلب کی ہیں۔ حج کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ حج ہاوس ریزیڈنشیل کوچنگ انسٹی ٹیوٹ (ایچ ایچ آرسی آئی) 2026کے سول سروسز امتحان (پری اور مینس) کے واسطے اہل امیدواروں سے مفت رہائشی کوچنگ (ہاسٹل کی سہولت کے ساتھ)طلب کرتا ہے۔ اس کے تحت 100طلبا کو منتخب کیا جائے گا جس میں 80فیصد سیٹیں مسلم طلبا کے لئے مختص ہیں جبکہ 20فیصدایس سی /ایس ٹی اور اوبی سی سمیت دیگر اقلیتی برادریوں کے لئے ریزرو ہیں۔ درخواستیں جمع کرنے کی آخری تاریخ 21جون 2025ہے۔
کانگریس رہنما عمران پرتاپ گڑھی نے ممبئی حج ہاوس کوچنگ کے پھر سے شروع ہونے پر اپنی خوشی کا اظہار کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ اس سے اب پھر شاید بچوں کی امیدوں کو پرواز ملے گی۔انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اپنی خوشی ظاہر کرتے ہوئے لکھا:-
میں راہ کا چراغ ہوں سورج تو نہیں ہوں
جتنی میری بساط ہے کام آرہا ہوں میں