تاثیر 2 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
واشنگٹن،02مئی:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کے روز ان تمام ملکوں کو پابندیاں لگانے کی دھمکیاں دی ہیں جو ایرانی تیل خریدتے ہیں۔ٹرمپ کی طرف سے یہ دھمکی ایسے موقع پر دی گئی ہے جب امریکہ و ایران دونوں کے درمیان ایرانی جوہری پروگرام کے سلسلے میں ہونے والے مذاکرات کے ملتوی ہونے کی اطلاعات آئی ہیں۔ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر لکھا ہے ‘ایران سے خریدا جانے والا تمام تیل اور پیٹروکیمیکلز کو اب فوری طور پر روک دینا چاہیے۔’انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا ‘کوئی ملک یا فرد جو بھی یہ ایرانی مصنوعات خریدے گا وہ امریکہ کے ساتھ کاروبار نہیں کر سکے گا۔امریکی صدر کا یہ بیان سوشل میڈیا پر اس وقت سامنے آیا ہے جب اومان کی طرف سے کہا گیا ہے کہ اس ہفتے کے اختتام تک متوقع مذاکرات ملتوی کر دیے گئے ہیں۔اومان کی طرف سے یہ پیغام اومانی وزیر خارجہ بدر البسیدی نے ‘سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر جاری کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کا ملتوی ہونا لاجسٹکس سے متعلق وجوہات کی وجہ سے ہوا ہے۔ عبوری طور پر یہ 3 مئی کو ہونا طے پائے تھے۔ تاہم اب نئی تاریخ کا اعلان باہمی اتفاق رائے سے بعد میں کیا جائے گا۔

