تاثیر 20 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
کولکاتہ، 20 مئی: نیشنل میڈیکل کمیشن (این ایم سی) نے کولکاتہ کے سرکاری نیلرتن سرکار میڈیکل کالج (این آر ایس) کو ڈیوٹی میں لاپرواہی اور انتظامی بے ضابطگیوں پر وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی کالج پر کئی کروڑ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق کالج انتظامیہ نے نوٹس کا جواب دے دیا ہے تاہم اس کے بعد ڈاکٹرز اور پروفیسرز کے حوالے سے بھی سخت ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
وجہ بتاؤ نوٹس میںاین ایم سی نے کل آٹھ سنگین وجوہات کا ذکر کیا ہے، جن میں سب سے نمایاں کالج کے 20 شعبوں میں سے 18 میں ڈاکٹروں کی موجودگی سے متعلق بے قاعدگیاں ہیں۔ ایم بی بی ایس کے امتحان کے انعقاد میں بھی غفلت کے ثبوت ملے ہیں۔ اس کے علاوہ کئی محکموں میں انتظامی بے ضابطگیوں اور ریکارڈ میں چھیڑ چھاڑ کے الزامات ہیں۔نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس حوالے سے کوئی واضح ڈیٹا دستیاب نہیں ہے کہ اب تک کتنے مریض اسپتال میں زیر علاج ہیں اور کتنے کی موت ہوئی ہے۔ یہ معاملہ بھی کمیشن کی ناراضی کی وجہ بن گیا ہے۔کالج کے ڈاکٹروں اور اساتذہ کے لیے نئی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ اب ہر کسی کو ڈیوٹی جوائن کرنے اور احاطے سے نکلنے سے پہلے فیس بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے اپنی حاضری کو نشان زد کرنا ہوگا۔ اگر کوئی ڈاکٹر یا پروفیسر ایسا نہیں کرتا ہے تو اسے اس دن غیر حاضر تصور کیا جائے گا۔