تاثیر 3 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ممبئی، 3 مئی:پہلگام میں حالیہ دہشت گردانہ حملے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے شیوسینا (یو بی ٹی) کے رہنما سنجے راوت نے ہفتہ کے روز وزیر اعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور ان پر سنگین الزامات عائد کیے۔ راوت نے کہا کہ جہاں ایک طرف ملک کی حکومت پاکستان کو منہ توڑ جواب دینے کی بات کرتی ہے، وہیں دوسری جانب وزیر اعظم تفریحی تقاریب اور انتخابی مہمات میں مصروف نظر آتے ہیں۔
سنجے راوت نے واضح طور پر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے الزام لگایا کہ پہلگام جیسے خونی حملے کے باوجود شاہ بدستور وزارت داخلہ سنبھالے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے کشمیر میں دہشت گردانہ واقعے کے بعد دعویٰ کیا کہ پاکستان کو سبق سکھایا جائے گا، لیکن اس کے بعد وہ ممبئی میں فلمی شخصیات کے ساتھ گھنٹوں گزار رہے تھے، بہار میں انتخابی مہم میں مصروف تھے، اور کیرالہ میں بندرگاہ کا افتتاح کر رہے تھے۔