روس نے یوکرین میں تباہی مچا ئی، دارالحکومت کیف میں بربادی ہی بربادی

تاثیر 24 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

کیف، 24 مئی : روس نے جمعہ کی دیر شب یوکرین کے دارالحکومت کیف اور اس کے اطراف کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔ روس نے ماسکو میں حالیہ حملوں کا بھرپور جواب دیتے ہوئے بڑی تعداد میں ڈرون اور میزائل داغے۔ پورا دارالحکومت اس حملے کی زد میں آ گیا۔ کیف میں کئی مقامات پر دھماکے کے بعد آگ لگ گئی۔ ہر جگہ تباہی و بربادی کے مناظر نظر آ رہے تھے۔ جان خطرے میں دیکھ سینکڑوں لوگوں نے بھاگ کر زیر زمین میٹرو اسٹیشنوں میں پناہ لی۔
سی بی ایس نیوز کے مطابق روسی فضائی حملے صبح ہونیکے بعد رکے۔ بتایا جاتا ہے کہ روس کا یہ حملہ دونوں ممالک کے قیدیوں کا تبادلہ شروع ہونے کے چند گھنٹوں بعد ہوا۔ گزشتہ ہفتے استنبول میں ہونے والی میٹنگ میں دونوں فریقوں نے قیدیوں کے تبادلے پر اتفاق کیا تھا۔ پہلے مرحلے میں سینکڑوں فوجیوں اور شہریوں کا تبادلہ ہوا۔ کیف فوجی انتظامیہ کے قائم مقام سربراہ تیمور تکاچینکو نے ٹیلی گرام پر لکھا کہ آج صبح کیف کے کم از کم چار شہری اضلاع میں روکے گئے میزائلوں اور ڈرونز کا ملبہ گرا۔ چھ افراد لہولہان پائے گئے۔ کیف کے سولومیانسکی ضلع میں دو مقامات پر آگ بھڑک اٹھی۔