تاثیر 15 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
جموں، 15 مئی: راجوری ضلع کے وہ اسکول جو حالیہ سرحدی کشیدگی کے باعث ایک ہفتے تک بند رہے، آج دوبارہ کھل گئے۔ اسکولوں کی بحالی نے نہ صرف تدریسی سرگرمیوں کو نئی روح بخشی بلکہ علاقے میں ایک بار پھر امید، امن اور معمول کی زندگی کی فضا قائم کر دی۔ صبح سویرے طلباء اپنے بستے کندھوں پر لٹکائے، خوشی خوشی اسکول جاتے نظر آئے۔ کہیں بچے قطاروں میں مسکراتے اور کھیلتے جا رہے تھے تو کہیں دشوار گزار پہاڑی راستوں پر قدم بہ قدم بڑھتے ہوئے علم کی روشنی کی طرف گامزن تھے۔ ان کے چہروں پر جوش و خروش اور آنکھوں میں سیکھنے کا ولولہ صاف جھلک رہا تھا۔ خصوصاً کوٹرنکہ زون کے بدھل علاقے میں بچوں کی اسکول واپسی ایک دل کو چھو لینے والا منظر پیش کر رہی تھی۔