امتحان دینے جا رہے شیرشاہ انجینئرنگ کالج طالب علم کی سڑک حادثہ میں موت،طلباء نے کی آگ زنی

تاثیر 8 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

              سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) مقامی شیرشاہ انجینئرنگ کالج کا طالب علم امتحان دینے کیلئے دوسرے ضلع میں واقع امتحانی مرکز جاتے ہوئے سڑک حادثے میں جاں بحق ہوگیا، اسکے بعد مذکورہ کالج کے طلباء نے کھراڑی موڑ شیرشاہ انجینئرنگ کالج کے قریب سہسرام-بکسر مین روڈ پر آتشزدگی کر سڑک جام کر دیا، طلباء نے سڑک پر ٹائر جلا کر انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی بھی کی، متوفی طالب علم پرنس کمار سال اول کا طالب علم تھا اور کیمور ضلع میں امتحانی مرکز میں امتحان دینے جا رہا تھا، اس دوران جب وہ موٹر سائیکل پر سفر کر رہا تھا تو وہ سڑک حادثہ کا شکار ہو گیا اور اسکی موت بھی ہو گئی۔ ۔ حادثہ کی خبر پھیلتے ہی طلباء میں غم و غصہ پھیل گیا، سینکڑوں طلباء کالج سے باہر نکل آئے اور سڑک پر آکر شدید احتجاج شروع کردیا، طلباء کا مطالبہ تھا کہ امتحان صرف ہوم سینٹر پر ہی کرایا جائے ۔ مظاہرے کی اطلاع ملتے ہی نہ صرف کرگہر پولس اسٹیشن کے عملے وہاں پہنچے بلکہ سہسرام ​​کے ڈی ایس پی دلیپ کمار اور ڈی ایس ایل آر منیش سریواستو بھی بھاری پولس فورس کے ساتھ وہاں پہنچ گئے ۔ پولس نے احتجاج کرنے والے طلباء کو ہٹانے کی کوشش کی لیکن طلباء کا احتجاج شدید تھا، ان میں سے کچھ وہاں سے ہٹتے اور کچھ دیر بعد سڑک پر احتجاجی مقام پر واپس آتے ہوئے دیکھے گئے، کافی سمجھانے کے بعد معاملہ ختم ہوا، طلباء نے خبردار بھی کیا ہے کہ اگر ہوم سینٹر کی سہولت جلد بحال نہ کی گئی تو احتجاج مزید پرتشدد ہو جائیگا، ہم اس وقت تک خاموش نہیں بیٹھینگے جبتک نظام بہتر نہیں ہوتا ۔ متوفی طالب علم کیمور ضلع کا رہنے والا تھا ۔ پولس نے بھبھوا میں ہی اس کا پوسٹ مارٹم کرایا اور اسکی لاش کو اسکے اہل خانہ کے حوالے بھی کر دیا ۔ متذکرہ حادثہ میں ایک اور طالب علم بھی شدید زخمی ہوا جو مقامی اسپتال میں زیر علاج ہے ۔