تاثیر 8 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
کالی کٹ (عبدالکریم امجدی)
جموں کشمیر کے پہلگام میں ہوئے حملے کے خلاف دہشت گردی کی جنگ میں پورا ملک متحد ہے ،دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کیلئے اخلاقی اور قومی ضرورت پر زور دیتے ہوئے گرانڈ مفتی آ ف انڈیا شیخ ابوبکر احمد نے تمام شہریوں سے ملک کی سلامتی ،اتحاد،اور سا لمیت کے تحفظ کیلئے متحد ہونے کی اپیل کی ہے ۔شیخ ابوبکر احمد نے دہشت گردی کے خلاف ہندوستا ن کے مضبوط اور پُر عزم موقف کی تعریف کی ،ہندوستانی فوج کی ہمت اور بہادری پر پورے ملک کو فخر ہے ۔ اسے ملک کی طاقت ،خودمختاری،اور انسانیت کے تحفظ کیلئے اہم قرار دیا ۔شیخ نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف بھارت کے اقدامات کشمیر سمیت جنوبی ایشیا میں انتہاء پسند قوتوں کی وجہ سے پیدا ہونے والی بد امنی کے خاتمہ کیلئے ضروری ہے ،ہندوستان کی انسداددہشت گردی کی کوششوں کے وسیع مضمرات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ ملک کی سفارتی اور اسٹریٹجک مداخلت عالمی امن کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں ۔شیخ نے عوام سے ان کوششوں کی حمایت کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ہم امن اور انسانی اقدار پر یقین رکھتے ہیں کہ اس جد جہد میں قوم کے ساتھ کھڑے ہوں ،یعنی پوری قوم ایک ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہو۔