سن رائزرس حیدرآباد نے اعزاز کی جنگ جیت لی

تاثیر 26 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 25 مئی:اتوار کو ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سن رائزرز حیدرآباد (ایس آر ایچ) نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کولکاتا نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کو 110 رن کے بڑے فرق سے شکست دے کر آئی پی ایل 2025 کو فاتحانہ الوداع کہا۔ اگرچہ یہ میچ پلے آف کی دوڑ میں کوئی تبدیلی نہیں لایا، لیکن دونوں ٹیموں کے لیے یہ وقار کی لڑائی تھی، جس میں حیدرآباد نے درمدار جیت درج کی۔
حیدرآباد کے بلے بازوں نے اس میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ٹیم نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 278 رن بنائے۔ شروعات ابھیشیک شرما (32 رن، 12 گیندوں) اور ٹریوس ہیڈ (76 رن، 39 گیندوں) نے کی ، جنہوں نے صرف 6 اوورز میں 92 رن کی دھماکہ خیز شراکت کے ساتھ ٹیم کو تیز رفتار دی ۔ اس کے بعد جنوبی افریقہ کے دھماکہ خیز وکٹ کیپر بلے باز ہینرک کلاسن نے میدان میں طوفان برپا کردیا۔ انہوں نے صرف 37 گیندوں میں سنچری اسکور کرتے ہوئے آئی پی ایل کی تاریخ کی مشترکہ تیسری تیز ترین سنچری بنائی۔ کلاسن کی اننگز چوکوں اور چھکوں سے بھرپور رہی اور وہ اپنی ٹیم کو ایک بڑے اسکور تک لے گئے۔