ملک کی کئی ریاستوں میں 8 مئی تک آندھی-طوفان اور بارش کی پیش گوئی

تاثیر 5 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 05 مئی: ہندوستانی محکمہ موسمیات نے 8 مئی تک قومی دارالحکومت دہلی-این سی آر سمیت ملک کے کئی حصوں میں آندھی -طوفان ،بارش، ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے کی پیشن گوئی کی ہے۔ ماہر موسمیات ڈاکٹر سنجیو دویدی نے کہا کہ اڈیشہ میں آج زبردست بارش ہو سکتی ہے۔ اس کی وارننگ پہلے ہی جاری کی جا چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتباہ کے دائرے میں اڈیشہ کے میور بھنج، کیونجھر، بالاسور، بھدرک اور گجپتی اضلاع شامل ہیں۔اس دوران ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ کل بھی ایسا ہی موسم متوقع ہے۔ 07-08 مئی کو ہلکی بارش ہونے کا اندازہ لگایا گیا ہے۔
ہندوستانی محکمہ موسمیات نے کہا کہ اڈیشہ، گنگا مغربی بنگال کے ساتھ ساتھ ملک کے مشرقی وسطی اور مشرقی حصوں میں طوفان کی موجودہ سرگرمی 7 مئی کے بعد سے قدرے کم ہو سکتی ہے۔ ہماچل پردیش میں اورنج الرٹ کے درمیان، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کئی مقامات پر موسلا دھار بارش کے ساتھ ژالہ باری ہوئی ہے۔ چمبہ ضلع کے چیلی گاؤں کے ڈوندرا نالہ میں ہفتہ کی رات بادل پھٹنے سے ایک بزرگ بہہ گیا۔ اس کی لاش برآمد کر لی گئی ہے۔ اتوار کی صبح 8:30 بجے تک 24 گھنٹوں کے دوران، مشرقی راجستھان، وسطی ہندوستان، اڈیشہ اور جھارکھنڈ میں کچھ مقامات پر 70-100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں اور کچھ مقامات پردھول بھری آندھی آئی۔ گجرات، جموں و کشمیر، لداخ، ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، پنجاب، مشرقی اتر پردیش، مغربی راجستھان میں بھی 40-70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں۔