تاثیر 6 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
بجنور،6مئی :نجیب آباد ہریدوار روڈ پر بھاگو والا علاقہ میں منگل کی صبح ایک سڑک حادثہ پیش آیا۔ والیہ ہوٹل موڑ کے قریب تیز رفتار کار اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم کے نتیجے میں دو نوجوان موقع پر ہی جاں بحق اور پانچ شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر سی ایچ سی سمیع پور بھیجا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
موصولہ اطلاع کے مطابق حادثہ منگل کی صبح تقریباً 6:30 بجے اس وقت پیش آیا جب ایک کار ہریدوار سے ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد گاؤں برمے کھیڑا، تھانہ اْجھانی، ضلع بدایوں واپس آ رہی تھی کہ بھاگو والا میں والیہ ہوٹل موڑ کے قریب موٹا مہادیو سے آنے والی موٹر سائیکل سے تصادم ہو گیا۔ اس حادثہ میں بائک سوار ویبھو اور پریام ساکن عمرا بزرگ تھانہ شیوالا کلاں ضلع بجنور کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ جبکہ کار میں سوار پانچ افراد شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کی شناخت دیپک (30)، لوٹن (35)، منوج (27)، عیسی چرن (60) اور کرش (19) کے طور پر کی گئی ہے۔

