تاثیر 8 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
اترکاشی، 08 مئی: اتراکھنڈ کی راجدھانی دہرادون کے سہستردھارا ہیلی پیڈ سے ہرشیل گنگوتری کے لیے پرواز کرنے والا ایک ہیلی کاپٹر جمعرات کی صبح اترکاشی ضلع کے گنگانی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا۔ ہیلی کاپٹر میں سات افراد سوار تھے جن میں سے چھ موقع پر ہی جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہے۔ حادثے میں مرنے والے تمام عقیدت مندوں اور زخمیوں کی شناخت کر لی گئی ہے۔ مرنے والوں میں تین مہاراشٹر اور تین دیگر کا تعلق گجرات، آندھرا پردیش اور اتر پردیش سے ہے۔ جبکہ آندھرا پردیش کا ایک عقیدت مند زخمی ہوا ہے۔
یہ واقعہ صبح ساڑھے آٹھ بجے کے قریب پیش آیا۔ ہیلی کاپٹر نے سہستردھارا سے کھرسالی ہیلی پیڈ کے لیے ٹیک آف کیا لیکن اترکاشی کے گنگانی علاقے میں 200 سے 250 میٹر گہری کھائی میں گر کر تباہ ہو گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ ہیلی کاپٹر بہت نیچے اڑ رہا تھا جس کی وجہ سے یہ حادثہ ہوا۔
اترکاشی کے ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر مہربھان سنگھ بشٹ نے کہا کہ جیسے ہی واقعہ کی اطلاع ملی، ایک ریسکیو ٹیم کو موقع پر بھیجا گیا۔ ٹیم نے زخمیوں کو ایمس، رشیکیش بھیجا اور مرنے والوں کی شناخت کی۔ حادثے کی وجوہات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔