تاثیر 12 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ارریہ(رقیہ آفرین) صدر بلاک علاقہ سے قتل کا ایک حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے۔ یہاں چاتر پنچایت کے نونیاری ٹولہ میں ایک خاتون نے اپنے ہی جیٹھ کو سر پر درانتی مار کر قتل کر دیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا اور معاملے کی تفتیش شروع کردی۔ اتوار کی شام کو پیش آیا یہ واقعہ، علاقے میں موضوع بحث بنا ہوا ہے۔ متوفی 55 سالہ پھولیشور چوہان کے بیٹے اروند چوہان کے بیان کی بنیاد پر پولیس نے ملزمہ خاتون پاروتی دیوی اور اس کے بیٹے انمول کمار عرف منگلا کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی ہے اور معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ واقعہ کے بارے میں متوفی پھلیشور چوہان کے بیٹے اروند چوہان نے بتایا کہ اتوار کی دوپہر چچا ارجن چوہان کا بیٹا اور کچھ بچے گھر کے پیچھے لیچی کے درخت سے کچی لیچیاں توڑ کر ضائع کر رہے تھے۔ جس کی تنبیہ کیے جانے پر اس کی چاچی پاروتی دیوی اور اس کا بیٹا انمول عرف منگلا اس کے دروازے پر پہنچ کر گالی گلوچ کرنے لگے ۔ دروازے پر ہو رہے ہنگامہ سن کر اس کے والد مکئی کے کھیت سے بھاگے آئے اور چاچی پاروتی دیوی اور کزن منگلا کو سمجھا بجھا کر انہیں گھر بھیج دیا۔ اس کے بعد شام کو اس کے والد پھلیشور چوہان گھر سے مکئی کے کھیت کی طرف جارہے تھے۔ اسی دوران شمبھو کے گھر کے سامنے اس کی چاچی پاروتی دیوی اور کزن انمول عرف منگلا نے اس کے والد کو روک کر گالی گلوچ کرنا شروع کردیا۔ متوفی کے بیٹے نے بتایا کہ اپنے والد کی آواز سن کر جب وہ بھی سڑک پر آیا تو دیکھا کہ اس کی چاچی پاروتی دیوی نے درانتی سے اس کے والد کے سر پر زور سے مارا۔ اس سے پہلے کہ اس کے والد درانتی کی ضرب سے سنبھل پاتے، کزن منگلا نے بھی بانس کی لاٹھی سے اس والد کے سر پر زور سے مار دیا۔ جس سے اس کے والد بے ہوش ہو کر زمین پر گر گئے۔ مقامی لوگوں کی مدد سے وہ اپنے والد کو علاج کے لیے لے جا رہا تھا کہ راستے میں ہی وہ دم توڑ گئے۔ اس کے بعد اس نے ڈائل 112 پر پولیس کو واقعہ کی اطلاع دی۔ اطلاع ملنے کے بعد پولیس پہنچی اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے صدر اسپتال ارریہ بھیج دیا۔ جہاں سوموار کو لاش کا پوسٹ مارٹم کیا گیا۔ وہیں ملزمہ پاروتی دیوی اور اس کا بیٹا انمول عرف منگلا قتل کے بعد سے ہی فرار ہے۔ اس معاملے میں صدر تھانہ ایس ایچ او منیش کمار رجک نے بتایا کہ پھلیشور چوہان کا قتل معمولی جھگڑے میں کیا گیا ہے۔ متوفی کے بیٹے کے بیان کی بنیاد پر پاروتی دیوی اور اس کے بیٹے انمول کمار عرف منگلا کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ دونوں مفرور ہیں۔ ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔