تاثیر 3 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
غزہ،04جون:امریکہ اور اسرائیل کے اشتراک سے قائم کیے گئے متنازعہ امدادی ادارے ‘غزہ ہیومینٹیرین فاؤنڈیشن’ کے غزہ میں موجود امدادی مراکز عارضی طور پر بند کیے جارہے ہیں۔ یہ بندش بدھ کے روز سے کی جائے گی۔اس بندش کا جواز ان مراکز کی تزئین و آرائش بتایا گیا ہے۔ امریکہ اور اسرائیل کی حمایت یافتہ یہ امدادی فاؤنڈیشن محض چند روز قبل پچھلے ماہ 26 مئی کو شروع ہوئی اور غزہ میں اس کے مراکز قائم کیے گئے تھے۔اقوام متحدہ کے متعلقہ اداروں سمیت دنیا بھر سے اس امدادی ادارے کی تشکیل اور طریقہ کار پر تنقید کی گئی تھی۔ مگر امریکہ اور اسرائیل نے اسے ہی ایک بھروسے کے امدادی ادارے کے طور پر پیش کیا اور تنقید کو مسترد کر دیا۔اب ایک اعلان میں کہا گیا ہے کہ چار جون کو امدادی مراکز کی تزئین و آرائش کے لیے امداد کی تقسیم بند رہے گی۔ تاکہ کام کی رفتار بڑھائی جا سکے۔’غزہ ہیومینٹیرین فاؤنڈیشن‘ کی طرف سے یہ اعلان ’فیس بک‘ کے ذریعے سامنے آیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے بھی اس عارضی بندش کی تصدیق کی ہے۔ اعلان کے مطابق یہ بندش ایک دن کے لیے ہے اور جمعرات کے روز سے امدادی سرگرمی بحال کر دی جائے گی۔اسرائیلی فوج نے ان مراکز کی تزئین و آرائش کے دوران مراکز کی طرف جانے والے راستوں پر فلسطینی شہریوں پر نقل وحرکت اور آمد و رفت کو ممنوع قرار دے دیا ہے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق یہ راستے جنگی علاقوں سے گزرتے ہیں۔