تاثیر 6 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
جموں, 6 جون:وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز پاکستان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پہلگام میں سیاحوں پر حملہ دراصل انسانیت اور کشمیریت پر حملہ تھا، جس کا مقصد ملک میں فرقہ وارانہ منافرت پھیلانا اور کشمیری عوام کو ان کے روزگار سے محروم کرنا تھا۔وزیر اعظم مودی نے ان خیالات کا اظہار اْس وقت کیا جب وہ کشمیر وادی کے لیے پہلی ریل سروس کا افتتاح کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے کئی ترقیاتی منصوبوں کا بھی سنگِ بنیاد رکھا، جن میں دریائے چناب پر دنیا کا سب سے بلند ریلوے پل بھی شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاحت نہ صرف لوگوں کو روزگار فراہم کرتی ہے بلکہ مختلف طبقات اور علاقوں کے درمیان ربط قائم کرنے کا ذریعہ بھی ہے، لیکن بدقسمتی سے پڑوسی ملک پاکستان انسانیت، ہم آہنگی اور سیاحت کا دشمن بن چکا ہے۔
مودی نے کہا کہ پاکستان صرف انسانیت کا نہیں بلکہ غریب کی روزی کا بھی دشمن ہے۔ 22 اپریل کو پہلگام میں جو بزدلانہ حملہ ہوا، وہ اسی دشمنی کا واضح ثبوت ہے۔ پاکستان نے دانستہ طور پر سیاحت کو نشانہ بنایا تاکہ کشمیری عوام کی معیشت کو نقصان پہنچایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا مقصد ملک میں فرقہ وارانہ کشیدگی کو ہوا دینا اور کشمیر کی پرامن فضا کو خراب کرنا تھا، لیکن ہم اس سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔