تاثیر 22 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
تل ابیب،22جون:اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے ایرانی جوہری تنصیبات پر امریکی حملے پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک ایسا واقعہ ہے جو تاریخ کا رخ موڑ دے گا۔اتوار کے روز ایک خطاب میں نیتن یاھو نے کہا کہ ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کا امریکی فیصلہ بالکل درست تھا اور صدر ٹرمپ نے انتہائی قوت کے ساتھ درست اقدام اٹھایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ہمیشہ ٹرمپ کے ساتھ اس اصول پر متفق رہے ہیں کہ طاقت کے ذریعے ہی امن قائم کیا جا سکتا ہے۔
نیتن یاھو کا کہنا تھا کہ تاریخ یہ دن یاد رکھے گی کہ صدر ٹرمپ نے دنیا کے سب سے خطرناک نظام کو مہلک ترین ہتھیاروں کے حصول سے روکنے کے لیے فیصلہ کن اقدام کیا۔” ان کے بقول، ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانا ایک تاریخی موڑ ہے۔اس کے ساتھ ہی اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے ایک سکیورٹی ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ تل ابیب نے فی الوقت ایران پر مزید حملے روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ پیش رفت ایک ایسے وقت پر سامنے آئی ہے جب امریکہ نے ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے دسویں دن عملی طور پر مداخلت کی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ ان کے ملک نے ایرانی جوہری تنصیبات پر کامیاب فضائی کارروائی کی ہے۔