مکانوںپربمباری سے تہران میں بنگلہ دیش کے سفارت خانے کے اہلکار دہشت زدہ

تاثیر 18 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

ڈھاکہ، 18 جون: ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری شدید فوجی تنازعہ کے درمیان بنگلہ دیش کے سفارت خانے کے اہلکار خوف ودہشت میں ہیں۔ بمباری میں بعض اہلکاروں کے گھر تباہ ہو گئے ہیں۔ ان اہلکاروں کو خوراک اور پانی تک کے بحران کا سامنا ہے۔ بنگلہ دیش کے اخبار ڈھاکہ ٹریبیون نے ایک عالمی خبر رساں ادارے کے حوالے سے یہخبر آج اپنی ویب سائٹ پر تصویر کے ساتھ شائع کی ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق ایران کے دارالحکومت تہران میں پیر کو ہونے والے اسرائیلی حملے میں بنگلہ دیش کے سفارت خانے میں کام کرنے والے اہلکاروں کے گھروں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ کم از کم ایک افسر کے گھر کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔ تاہم، اہلکار بچ گیا کیونکہ حملے کے وقت وہ گھر پر نہیں تھا۔ ایران میں بنگلہ دیش کے سفارت خانے کے فرسٹ سکریٹری اولید اسلام نے کہا کہ میرا گھر مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے۔ تہران میں بنگلہ دیش کے سفارت خانے کے اہلکار بنیادی طور پر اردن نامی علاقے میں رہتے ہیں، جو تہران کے ضلع 3 میں ہے۔