تاثیر 27 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ارریہ:- ( مشتاق احمد صدیقی ) چلڈرن اسلامک آرگنائزیشن (cio) گزشتہ ٢٥/ جون ٢٠٢٥ سے ٢٦/جولائی ٢٠٢٥ تک “میرا انڈیا، گرین انڈیا” ایک ملک گیر مہم شروع کر رکھی ہے، اسی مہم کے تحت گزشتہ کل الامین اکیڈمی اسلام نگر ارریہ کے کیمپس میں شجرکاری پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں طلبہ اور طالبات نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور مختلف اقسام کے پودے اور درخت ےگائے گئے، اس مہم کا مقصد بچوں میں ماحول کے تئیں ذمہ داری کا گہرا احساس اور فطرت سے محبت پیدا کرنا ہے۔ انہیں ایک ذمہ دار شہری کے فرض کو سمجھتے ہوئے درخت لگانے، ان کی پرورش اور حفاظت کرنے کی ترغیب دی جائے۔ اس مہم کے ذریعے سی آئی او کے بچے لوگوں، معاشرے اور میڈیا تک پہنچنے کی کوشش کریں گے اور انہیں مہم کے بارے میں معلومات دیں گے اور انہیں ماحول کے تئیں ذمہ دار بنائیں گے اور سی آئی او کو معاشرے اور لوگوں سے بڑے پیمانے پر متعارف کرائیں گے۔ ساتھ ہی وہ ماحولیات اور درخت لگانے کی اہمیت کو بھی بیان کریں گے۔ کل کے پروگرام میں سی آئی او کے صدر تمیم شاداب نے کہا کہ اس مہم کے تحت ہم کوشش کریں گے کہ ضلع کے ہر بچے تک پہنچیں، اس مہینے میں مختلف قسم کے پروگرام اور مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔ ورکشاپس کے ذریعے بچوں کو ماحولیات کے تئیں حساس بنایا جائے گا۔ انہیں ضلع کے مختلف کونوں میں جا کر ماحولیات اور شجرکاری سے آگاہ کیا جائے گا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شمس اعظم نے کہا کہ پورے ضلع میں 10 ہزار پودے لگائے جائیں گے اور ارریہ کے تمام سکولوں اور ہاسٹلوں میں جا کر بچوں کو ماحولیات سے روشناس کرایا جائے گا۔ ان بچوں کے لگائے گئے پودے کی دیکھ بھال وہ خود کریں گے۔ اس موقع پر کوآرڈینیٹر شکیب ارسلان نے ماحولیات کو بچانے کے لیے شجر کاری کی ضرورت بتاتے ہوئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی اپیل کی۔ اس موقع پر پروفیسر ارشد فلاحی، ضیغم ارشد کے علاوہ بچوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔