تاثیر 10 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
بنگلورو، 9 جون:ڈی این اے انٹرٹینمنٹ نیٹ ورک پرائیویٹ لمیٹڈ اور رائل چیلنجرز اسپورٹ پرائیویٹ لمیٹڈ نے ہائی کورٹ میں الگ الگ درخواستیں دائر کی ہیں۔ درخواست کے ذریعے، دونوں نے شہر کے ایم چناسوامی اسٹیڈیم کے قریب رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کی جیت کے جشن کے دوران بھگدڑ کے معاملے میں درج فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) کو منسوخ کرنے کی مانگ کی ہے۔ڈی این اے انٹرٹینمنٹ کے منیجنگ ڈائریکٹر وینکٹ وردھن تھیمیا اور آر سی بی کے چیئرمین راجیش مینن نے درخواست میں کہا ہے کہ وہ کسی بھی طرح سے اس واقعہ کے ذمہ دار نہیں ہیں۔ سڑک اور فٹ پاتھ پر بھگدڑ مچ گئی اور درخواست گزار جو کہ تقریب کے منیجر تھے، کا اس سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ یہ تقریب حکومت کی طرف سے منعقد کی گئی تھی اور ان کی طرف سے کوئی پروموشن نہیں کیا گیا تھا اور نہ ہی کسی کو مدعو کیا گیا تھا۔درخواستوں میں یہ بھی کہا گیا کہ ایک ہی واقعے کے لیے تین الگ الگ ایف آئی آر درج کرنا غیر قانونی ہے۔ ہائی کورٹ پہلے ہی ازخود مقدمہ درج کر چکی ہے، اس لیے دوسری ایف آئی آر کی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا ہے کہ سیاسی دباؤ کے تحت ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ درخواست گزاروں نے ہائی کورٹ سے عارضی روک لگانے اور تمام ایف آئی آرز کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ 4 جون کو چناسوامی اسٹیڈیم کے قریب بھگدڑ میں 11 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔