پٹنہ میں کورونا کے آٹھ نئے مریض ملے

تاثیر 10 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ، 09 جون:بہار کی راجدھانی پٹنہ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ کل یعنی اتوار کے روز پٹنہ میں ا?ٹھ نئے کورونا مریض ملے۔ اس کے ساتھ ہی ریاست بھر میں متاثرہ افراد کی کل تعداد 60 تک پہنچ گئی ہے، ان میں سے ایکٹو متاثرین کی تعداد 39 ہے، جب کہ 21 افراد کورونا سے مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے ہیں۔
سول سرجن دفتر کے مطابق اتوار کے روز پرائیویٹ اسپتالوں اور لیب میں ٹیسٹ کروانے کے بعد پانچ افراد متاثر پائے گئے، جبکہ دو مریضوں کا ایمس پٹنہ میں اور ایک شخص کا این ایم سی ایچ میں ٹیسٹ کیا گیا۔ نئے متاثرہ مریضوں میں نیورا، دانا پور، دیگھا، راجیو نگر، کمہرار اور کنکڑ باغ علاقوں کے لوگ شامل ہیں۔ ان سب میں نزلہ، کھانسی، بخار اور سانس لینے میں دشواری جیسی علامات عام تھیں، جس کے بعد ان کا ٹیسٹ کرایا گیا۔
سول سرجن ڈاکٹر اویناش نے کہا کہ پٹنہ میں اب تک کورونا سے کسی مریض کی موت نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ تر متاثرہ افراد کی شناخت پرائیویٹ لیب نے کی ہے، جبکہ ایمس اور این ایم سی ایچ کے ذریعے کئے گئے ٹیسٹوں میں پائے جانے والے متاثرہ مریضوں کی تعداد نسبتاً کم ہے۔