تاثیر 19 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 19 جون :بہار میں مظفر پور ضلع کیگائے گھاٹ تھانہ علاقے کے تحت بیرووا گاوں (این ایچ 27) کے قریب ایک چلتے ہوئے ای-رکشہ میں اچانک آگ لگ گئی۔ جس سے گاڑی میں سوار پورا خاندان جھلس گیا۔ اس ہولناک حادثے میں ایک خاتون قمر الخاتون (عمر تقریباً 35 سال) کی آٹو کی سیٹ پر بیٹھتے ہوئے دردناک موت ہو گئی۔ اسی دوران آٹو میں سوار ایک اور شخص کی حالت انتہائی نازک بنی ہوئی ہے اور اسے علاج کے لیے سری کرشنا میڈیکل کالج اینڈ اسپتال (ایس کے ایم سی ایچ ) مظفر پور میں داخل کرایا گیا ہے۔
مظفر پور کے دیہی سپرنٹنڈنٹ راجیش کمار سنگھ پربھاکر نے بتایا کہ مدھوبنی ضلع کے کھجولی تھانہ علاقہ کے ڈمریاہی گاوں کا رہنے والا اٹو ڈرائیور محمدساجد اپنے خاندان اور رشتہ داروں کے ساتھ ایک شادی تقریب میں شرکت کے لیے مظفر پور سے اپنے گاوں لوٹ رہا تھا۔ ان کی اہلیہ، دو بچے اور دو دیگر رشتہ دار بھی آٹو میں سفر کر رہے تھے۔ صبح جب وہ این ایچ۔27 پر بیرووا گاوں کے قریب پہنچے تو چلتے ہوئے آٹو میں اچانک آگ لگ گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق آگ پہلے تو آہستہ آہستہ پھیلی لیکن مسافروں کو اس کا احساس نہیں ہوا۔ جب تک آگ نے پیچھے سے آٹو کو پوری طرح اپنی زد میں لے لیا تھا، لوگ باہر نکلنے کی کوشش کر رہے تھے لیکن تب تک سبھی جل چکے تھے۔

