تاثیر 21 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
گیا، 21 جون: بودھ گیا میں آسمان سے برسنے والی آفت نے زمین پر تباہی مچا دی ہے۔ مسلسل ہورہی موسلادھار بارش اور ندی کی طغیانی نے معمولات زندگی درہم برہم کر دیا ہے۔ ندی میں پانی کی سطح بڑھنے سے درجنوں گاؤں میں پانی بھر گیا ہے، جس میں مہادلت برادری سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے۔ سیکڑوں افراد بے گھر ہو گئے اور فصلیں تباہ ہو گئی ہیں۔ انتظامیہ نے امدادی کام تیز کر دیا ہے لیکن بحران کی اس گھڑی میں لوگ ابھی تک مدد کے منتظر ہیں۔
آفت نے خاص طور پر مہادلت آبادی والے گاؤں کو متاثر کیا ہے۔ پانی بھر جانے کی وجہ سے تقریباً 150 لوگوں کو رات کے وقت اسکولوں میں پناہ لینی پڑی جہاں عارضی امدادی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ قدرتی آفت کے اس واقعہ میں تقریباً 100 ایکڑ زرعی اراضی پر کھڑی فصلیں مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہیں جس سے کسانوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔
گاوں میں پانی داخل ہونے کی اطلاع ملنے کے بعد ضلع مجسٹریٹ کے حکم پر زونل افسر، بی ڈی او بودھ گیا، صدر ایس ڈی او سمیت کئی اہلکار مسلسل معائنہ کر رہے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے متبادل انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں۔ جمعہ کی شام ضلع مجسٹریٹ ششانک شوبھنکر بھی پہنچ گئے اور ندی اور گاؤں کا معائنہ کیا اور اہلکاروں کو نظر رکھنے کا حکم دیا۔ انتظامیہ کشتیوں اور امدادی سامان کے انتظامات کر رہی ہے۔ ساتھ ہی متاثرہ خاندانوں کو کھانا اور پینے کا پانی بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔

