تاثیر 16 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
احمد آباد، 16 جون:ایئر انڈیا کے طیارہ حادثے میں ہلاک ہونے والے گجرات کے سابق وزیر اعلیٰ وجے بھائی روپانی کی ترنگے میں لپٹی لاش پیر کو ڈی این اے میچنگ کے بعد اہل خانہ کے حوالے کر دی گئی۔ وزیر اعلی بھوپیندر پٹیل کی موجودگی میں ریاستی حکومت کے پروٹوکول کے مطابق ‘گارڈ آف آنر’ دیا گیا۔ ان کا آخری سفر راجکوٹ میں نکالا جائے گا اور اس کے بعد آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔
آنجہانی وجے روپانی کی اہلیہ انجلی روپانی اپنے بیٹے رشبھ روپانی کے ساتھ احمد آباد سول اسپتال کے مردہ خانہ پہنچیں۔ سول اسپتال میں خراج عقیدت ادا کرنے کے بعد ان کی میت پورے احترام کے ساتھ اہلیہ، بیٹے اور اہل خانہ کے حوالے کردی گئی۔ یہ سارا عمل ریاست کے پروٹوکول اور احترام کے ساتھ مکمل کیا گیا۔ ریاستی حکومت نے ان کی دور اندیش قیادت، اخلاقیات اور عوامی زندگی میں ہمدردی اور عوامی بہبود کے کاموں کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔