تاثیر 22 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
دربھنگہ شہر سے درجنوں گاڑیاں اور بسیں پٹنہ جائیں گی : ممتاز عالم
دربھنگہ(فضا امام)-مؤرخہ 22/جون 2025کو محلہ دلدار گنج لہیریا سرائے دربھنگہ میں ایڈوکیٹ محمد ممتاز عالم کی رہائش گاہ پر وقف بچاؤ دستور بچاؤ کانفرنس کی تیاری کے تعلق سے 2/جون کو تشکیل دی گئی کمیٹی کے اراکین کی ایک اہم نشست منعقد ہوئی، میٹنگ میں گزشتہ کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ کے لیے لائحہ عمل طے کیا گیا ۔نشست میں خطاب کرتے ہوئے قاضی شریعت دار القضاء امارت شرعیہ مہدولی دربھنگہ مفتی ارشد علی رحمانی نے فرمایا کہ اپنی سجدہ گاہوں ،درسگاہوں، عیدگاہوں، خانقاہوں اور قبرگاہوں کی حفاظت کرنا ہم میں سے ہر شخص کی ایمانی ذمّہ داری ہے اس لئے ہم میں سے ہر شخص کو اس تحریک میں اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے خود سے شریک ہونا چاہیے اور 29/جون کو گاندھی میدان کو بھر کر ایوان حکومت تک مضبوط آواز پہونچانی چاہیے، موصوف نے کہا کہ حضرت امیر شریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی صاحب اس تحریک کے تعلق سے انتہائی فکرمند ہیں اور رات دن خود کام کر رہے ہیں اور لوگوں کو بیدار کر رہے ہیں امارت شرعیہ کی پوری ٹیم شب و روز خدمت میں لگی ہوئی ہے اس لئے ہم سبھوں کو مخلصانہ طور پر آگے بڑھ کر کام کرنا چاہیے ۔ایڈوکیٹ محمد ممتاز عالم جنرل سکریٹری تنظیم امارت شرعیہ دربھنگہ نے کہا کہ شہر دربھنگہ سے بے شمار گاڑیاں اور بسیں پٹنہ کے گاندھی میدان جائے گی ۔مولانا عرفان احمد سلفی مدنی نے کہا کہ ہم لوگ مل جل کر اس تحریک کو کامیاب بنائیں گے ۔مولانا نور الہدیٰ قاسمی، مولانا افضل امام فاروقی ، مولانا قاری نسیم اختر قاسمی ، ایڈوکیٹ حافظ ضیاء اللہ ، سید محمد جاوید اقبال ،حافظ عامر سلفی ، شرف عالم تمنا ، نسیم اختر دیپ ، کلیم اللہ رحمانی،نفیس احمد بیگ،احمد رشدی،ڈاکٹر محمد آل عمران انصاری، ابوذر انصاری،تنویر احمد ، نے مشترکہ طور پر کہا کہ ہم لوگ وقف بچاؤ دستور بچاؤ کانفرنس میں بڑی تعداد میں اپنے دوست و احباب کے ساتھ شریک ہوں گے اور ہر طرح سے تعاون بھی کریں گے ۔اس موقع پر گاڑیوں کے انتظام و انصرام اور مالی فراہمی کے لئے ایک ٹیم تشکیل دی گئی اور اہل خیر حضرات کی فہرست تیار کرکے ان سے ملاقات کا نظام بھی بنایا گیا ۔میٹنگ کا آغاز قاری نسیم اختر قاسمی کی تلاوت سے ہوا اور حضرت مولانا عبد الکریم قاسمی کی دعا پر میٹنگ ختم ہوئی ۔میٹنگ کو کامیاب بنانے میں رحمت اللہ شمسی محمد نوشاد اور اظہار صاحب نے اہم کردار ادا کیا ۔اس سے قبل شہر کے باقر گنج جامع مسجد ، کرم گنج جامع مسجد، دمدمہ جامع مسجد اور سرحدی مسجد میں بھی میٹنگ ہوئی اور کمیٹیاں تشکیل دی گئیں ۔