تاثیر 3 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
یروشلم،04جون:اسرائیلی فضائیہ نے آج بدھ کی صبح سویرے جنوبی شام پر فضائی حملے کیے۔ یہ کارروائی مقبوضہ گولان کی پہاڑیوں پر داغے گئے دو راکٹوں کے جواب میں کی گئی۔ شامی ذرائع کے مطابق یہ حملے درعا، قنیطرہ اور سعسع کے نواحی علاقوں میں مختلف مقامات پر کیے گئے۔اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ لڑاکا طیاروں کے ذریعے “شام کی حکومت سے وابستہ عسکری تنصیبات” کو نشانہ بنایا گیا، جو جنوبی شام میں واقع ہیں۔اسرائیلی فوج کے مطابق منگل کی شب نو بج کر 36 منٹ پر “حاسبین” اور “رمات ماغشیمیم” میں سائرن بجنے کے بعد شام سے داغے گئے دو راکٹ اسرائیل میں داخل ہوئے، مگر غیر آباد علاقوں میں جا گرے۔ چند لمحوں بعد اسرائیلی فوجی ریڈیو نے اطلاع دی کہ فوج نے شامی علاقوں پر حملہ شروع کر دیا ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق جنگی طیاروں نے شامی فضائی حدود میں تیز رفتاری سے پرواز کی۔