تاثیر 21 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
لندن، 21 جون: پریمیئر لیگ چیمپیئن لیورپول نے جمعہ کو بائر لیورکوسن سے جرمن اسٹار فارورڈ فلورین ورٹز کے ساتھ معاہدہ کیا۔ رپورٹس کے مطابق یہ معاہدہ 116 ملین پاونڈز (تقریباً 156 ملین ڈالر) میں کیا گیا جو کہ برطانوی فٹ بال کی تاریخ کا سب سے مہنگا سودا بن گیا ہے۔
22 سالہ ورٹز کو یورپی فٹ بال کے باصلاحیت نوجوانوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ 2023/24 کے سیزن میں، انہوں نے بائر لیورکوسن کی قیادت کرتے ہوئے نہ صرف کلب کی تاریخ کا پہلا بنڈس لیگا کاخطاب دلایا بلکہ جرمن کپ بھی جیتنے میں مدد کی – وہ بھی سب کچھ پورے سیزن میں ایک بھی میچ ہارے بغیر۔
دستخط کرنے کے بعد ورٹز نے کہا، ’’میں بہت خوش یاور فخر محسوس کر رہا ہوں۔ میں کافی عرصے سے انتظار کر رہا تھا اور اب جب یہ ہو گیا ہے، یہ میرے لیے بہت خاص ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’یہ میرے لیے ایک نیا دلچسپ باب ہے۔ میں بنڈس لیگا سے باہر نکل کر پریمیئر لیگ میں کچھ نیا کرنا چاہتا تھا۔ میں نے یہاں کھیلنے والے کچھ کھلاڑیوں سے بات کی، انہوں نے کہا کہ یہ میرے لیے بہترین جگہ ہے۔ ہر گراونڈ پر کھیلنے میں مزہ آتا ہے اور میں اپنے پہلے میچ کا بے صبری سے انتظار کر رہا ہوں۔‘‘