تاثیر 21 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
پیرس/نئی دہلی، 21 جون : بھارت کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ جیولین نیزہ پھینکنے والے کھلاڑی نیرج چوپڑا نے ایک بار پھر عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ انہوں نے پیرس کے چارلیٹ اسٹیڈیم میں منعقدہ ڈائمنڈ لیگ میٹ میں جمعہ (ہندوستانی وقت کے مطابق) شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو سال بعد اپنا پہلا ڈائمنڈ لیگ خطاب جیتا۔
نیرج نے اپنی پہلی کوشش میں 88.16 میٹر نیزہپھینک کر برتری حاصل کی جسے انہوں نے آخر تک برقرار رکھا اور انہیں فاتح قرار دیا گیا۔ یہ ان کا سیزن کا دوسرا ڈائمنڈ لیگ ایونٹ تھا۔ اس سے قبل انہوں نے مئی میں دوحہ میں شرکت کی تھی جہاں انہوں نے پہلی بار 90 میٹر کا فاصلہ عبور کیا اور 90.23 میٹر برچھا پھینکا جو ان کی ذاتی بہترین کارکردگی بھی ہے۔
جرمنی کے جولین ویبر، جنہوں نے اس سال دوحہ ڈائمنڈ لیگ اور پولینڈ میں جینوس کززنسکی میموریل میں نیرج کو شکست دی تھی، 87.88 میٹر کے فاصلے کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ برازیل کے لوئز موریسیو دا سلوا 86.62میٹر کی کوشش کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔ انہوں نے ایک نیا جنوبی امریکہ کا ریکارڈ قائم کیا اور ساتھ ہی انہیں کیریئر کا بہترین اعزاز بھی دیا۔