تاثیر 17 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
قریب بارہ کلومیٹر لمبی سڑک 14 کروڑ کی لاگت سے ہوگی تعمیر، عوام میں خوشی کی لہر
ارریہ(راحیل عرفان)جوکی ہاٹ رکن اسمبلی کی مسلسل جدوجہد کے بعد بالآخر نیشنل ہائی وے 327 ای تارن چوک سے ڈوبا چوک کامت ہاٹ ہوتے ہوئے بلوا ڈیوڑھی تک کی سڑک کی تعمیر کا خواب شرمندۂ تعبیر ہونے جا رہا ہے۔ اس اہم سڑک کی لمبائی 11.300 کلومیٹر ہے، جس کی تعمیر 1445.275 لاکھ روپے کی لاگت سے کی جائے گی۔ کل شام 5 بجے اس سڑک کا سنگ بنیاد جوکی ہاٹ رکن اسمبلی شاہنواز عالم نے رکھا۔ یہ سڑک پہلے وزیرِ اعظم گرام سڑک یوجنا کے تحت منظور کی گئی تھی، مگر طویل عرصے سے اس کی بدترین حالت نے عوام کو شدید پریشانی میں مبتلا کر رکھا تھا۔ جوکی ہاٹ رکن اسمبلی شاہنواز عالم نے عوامی جذبات و مسائل کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے اس سڑک کو ’وزیر اعلیٰ گرام سڑک یوجنا‘ کے تحت شامل کروایا اور اس کی تعمیر کا راستہ ہموار کیا۔ ان کی کوششیں کا ہی نتیجہ ہے کہ یہ اب حقیقت کا روپ اختیار کرنے جا رہا ہے۔ اس موقع پر رکن اسمبلی شاہنواز عالم نے کہا کہ یہ صرف ایک سڑک نہیں بلکہ جوکی ہاٹ کے عوام کی آواز، جدوجہد اور اتحاد کی جیت ہے۔ میں اپنے حلقے کے ہر فرد کو یقین دلاتا ہوں کہ ترقی کا یہ سفر یونہی جاری رہے گا۔ دیگر کئی سڑکوں و پلوں کا بھی آئندہ کچھ ہی دنوں کے اندر سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے ٹھکیدار کو کام جلد، مگر معیار کے مطابق کرنے کی ہدایت دی۔ ساتھ ہی مقامی لوگوں سے کام پر نظر بنائے رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اگر کام میں کسی بھی قسم کی کوئی گڑبڑی نظر آئے تو مجھے مطلع کریں۔ وہیں انہوں نے نتیش حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ نتیش حکومت میں بدعنوانی اور افسر شاہی عروج پر ہے۔ اگر ریاست میں ہماری سرکار بنتی ہے تو خواتین کو مائی بہن سمان یوجنا کے تحت خواتین کو 2500 اور پنشن مستفدین کو 400 کے بجائے 1500 روپے دئیے جائیں گے۔ وہیں سنگ بنیاد پر عوام نے خوشی کا اظہار کیا اور رکن اسمبلی کا شکریہ ادا کرتے امید ظاہر کی کہ جلد ہی یہ سڑک مکمل ہو کر عوام کی زندگی میں آسانی پیدا کرے گی۔ اس موقع پر آر جے ڈی بلاک صدر شامی عبدالمنان، رفیق عالم، مولانا منظور، سمیت مقامی عوام، معزز شخصیات، پنچایتی نمائندے اور پارٹی کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔