بری ایلنگ اور بیلا جیمز کو نیوزی لینڈ کی خواتین ٹیم کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ مل گئے

تاثیر 18 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

ویلنگٹن، 18 جون : نیوزی لینڈ کی تیزگیندباز بری ایلنگ اور بلے باز بیلا جیمز کو پہلی بار نیوزی لینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیم کا سینٹرل کنٹریکٹ مل گیا ہے۔ نیوزی لینڈ کرکٹ (این زیڈ سی) نے بدھ 18 جون کو 2025-26 کے سیزن کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ کی فہرست جاری کی، جس میں ان دونوں نوجوان کھلاڑیوں کو جگہ دی گئی ہے۔ یہ جگہ ہیلی جینسن اور کپتان سوفی ڈیوائن کی ریٹائرمنٹ کے بعد خالی ہوئی تھی۔
بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز بری ایلنگ نے 2022 میں اپناگھریلو ڈیبیو کیا تھا اور وہ اب تک اپنی ٹیم کی سب سے زیادہ وکٹیں لینے والیگیندباز بن چکی ہیں۔ 21 سالہ ایلنگ نے اس سیزن میں تمام فارمیٹس میں مجموعی طور پر 29 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ اس شاندار کارکردگی کی بنیاد پر اس نے رواں سال مارچ میں سری لنکا کے خلاف ون ڈے اور ٹی 20 دونوں فارمیٹس میں بین الاقوامی ڈیبیو کیا جہاں انہوں نے چھ میچوں میں چھ وکٹیں حاصل کیں۔
اس کے ساتھ ہی بیلا جیمز نے گزشتہ سال دسمبر میں آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے میں اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا۔ انہوں نے مارچ میں اسی ٹیم کے خلاف ایک اور میچ کھیلا تھا۔ تاہم، جیمز نے صرف 16 برس کی عمر میں گھریلو کرکٹ میں ڈیبیو کیا تھا اور انہیں بین الاقوامی کرکٹ میں داخل ہونے کے لیے طویل انتظار کرنا پڑا تھا۔