تاثیر 20 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ممبئی، 20 جون :نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سربراہ شرد پوار نے پونے میں جمعہ کو ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ملک میں ہندی زبان سے نفرت کی کوئی گنجائش نہیں، لیکن اس کی تعلیم کو زبردستی نافذ کرنا بھی غیر مناسب ہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو ہندی سکھانے کی جانب راغب کریں، مگر یہ فیصلہ طلبہ کی صوابدید پر ہونا چاہیے۔
شرد پوار نے کہا کہ ہندی زبان کو لازمی طور پر پڑھانے کا رجحان مناسب نہیں، اور اگر کوئی طالب علم ہندی سیکھنا چاہے تو اسے موقع دیا جانا چاہیے، اس کی مخالفت کی کوئی وجہ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ طلبہ
اپنی مرضی اور والدین کی رہنمائی سے اس بارے میں فیصلہ کریں۔انہوں نے نشاندہی کی کہ ملک کی 55 سے 60 فیصد آبادی ہندی زبان بولتی ہے۔ ایسی صورت میں قومی ہم آہنگی کے لیے اس زبان کو
مسترد کرنا ٹھیک نہیں، تاہم اس کی زبردستی تعلیم کو بھی قبول نہیں کیا جا سکتا۔ اس مسئلے کو محض نظرانداز کرنا دانشمندی نہیں۔مقامی حکومتوں کے انتخابات پر گفتگو کرتے ہوئے پوار نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق آئندہ تین ماہ کے اندر انتخابات کا عمل شروع کیا جائے گا۔ کانگریس، شیو سینا، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی اور کسان مزدور پارٹی اس معاملے پر مشترکہ بات چیت کریں گی اور غور کریں گی کہ کیا
متحد ہو کر انتخاب میں حصہ لیا جا سکتا ہے۔