پہلگام حملے اور آپریشن سندور پر اپوزیشن کاخصوصی اجلاس بلانے کا مطالبہ

تاثیر 3 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 3 جون:انڈیا اتحاد نے منگل کو کانسٹی ٹیوشن کلب آف انڈیا میں ایک میٹنگ کی جس میں 16 اپوزیشن سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ان جماعتوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر آپریشن سندور پر پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ میٹنگ کے بعد مختلف جماعتوں کے رہنماوں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ اس میں انہوں نے خصوصی اجلاس بلانے کا مطالبہ دہرایا۔
کانگریس لیڈر دیپندر ہڈا نے کہا کہ پہلگام حملے سے لے کر ’آپریشن سندور‘ اور ’جنگ بندی‘ تک کے واقعات اور اس کے بعد ہونے والی ’سفارتی پیش رفت‘ پر بات ہونی چاہیے۔ بھارت نے کیا پاکستان کو عالمی پلیٹ فارم پر تنہا کر دیا ہے؟ اگر نہیں تو آگے کی حکمت عملی کیا ہے؟ ان تمام مدعوں پر پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلایا جائے۔ اجلاس میں مسلح افواج کی کارروائی پر شکریہ ادا کیا جائے اور ان کی بہادری کو سلام پیش کیا جائے۔ اس کے ساتھ مستقبل کی سمت پر بھی غور کیا جائے۔