دہلی سے بھوپال آرہی وندے بھارت میں مسافر کی پٹائی، ببینا کے بی جے پی رکن اسمبلی کے حامیوں پر الزام

تاثیر 20 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

بھوپال، 20 جون: دہلی سے بھوپال جا رہی وندے بھارت ایکسپریس میں مارپیٹ کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ جھانسی ریلوے اسٹیشن پر ایگزیکٹیو کوچ میں سفر کر رہے ایک مسافر پر سات آٹھ لوگوں نے حملہ کر دیا۔ جھانسی، یوپی کے ببینا سے بی جے پی رکن اسمبلی راجیو سنگھ کے حامیوں پر حملہ کا الزام ہے۔ مسافر کی ناک میں فریکچر ہوا ہے۔ الزام ہے کہ مسافر نے رکن اسمبلی کی سیٹ تبدیل کرنے کی بات سے انکار کر دیا۔ اس کے بعد جھانسی اسٹیشن پر رکن اسمبلی کے حامیوں نے مسافر کے ساتھ مارپیٹ کی۔ اس واقعہ کے بعد مدھیہ پردیش کے سابق وزیر رامنیواس راوت نے وزیر ریلوے کو ایکس پر ٹیگ کرکے معاملے کی جانکاری دی ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ جمعرات کو جھانسی ضلع کے ببینا اسمبلی حلقہ سے بی جے پی رکن اسمبلی راجیو سنگھ اپنی اہلیہ اور بیٹے کے ساتھ کوچ ای -2 میں دہلی سے وندے بھارت ایکسپریس میں سوار ہوئے۔ راجیو سنگھ کی سیٹ نمبر 8 تھی، جب کہ ان کی بیوی کملی سنگھ کی سیٹ نمبر 50 اور بیٹے شریانش سنگھ کی سیٹ نمبر 51 تھی۔ راج پرکاش نامی مسافر سیٹ نمبر 49 پر کھڑکی کے کنارے بیٹھے تھے۔ رکن اسمبلی نے انہیں اپنی سیٹ نمبر 8 پر جانے کو کہا۔ راج پرکاش نے اپنی سیٹ تبدیل کرنے سے انکار کر دیا۔ اس کے بعد جیسے ہی ٹرین جھانسی ریلوے اسٹیشن پر پہنچی تو سات سے آٹھ لوگ بوگی میں آئے اور سیٹ نمبر 49 پر بیٹھے راج پرکاش کی پٹائی کر دی۔