تاثیر 11 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ممبئی، 10 جون: وزیر اعلیٰ دیویندرا فڑنویس نے وزیر اعظم نریندر مودی کو عالمی سطح پر ہندوستان کی پہچان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مودی حکومت کے 11 سالوں میں ملک کے غریب، خواتین، نوجوان، دلت اور محروم طبقات کی زندگیوں میں نمایاں تبدیلیاں آئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر میں ترقی کی رفتار مودی حکومت کی مختلف اسکیموں سے تیز ہوئی ہے اور ریاست میں ڈھائی لاکھ کروڑ روپے کے ریلوے منصوبے اور چھ لاکھ کروڑ روپے کے بنیادی ڈھانچے کے کام جاری ہیں۔
مودی حکومت نے ایک سال میں 30 لاکھ مستحقین کو مکانات کی منظوری دی ہے جبکہ پردھان منتری گرامین آواس یوجنا کے تحت ہر گھر کو گھر فراہم کرنے کا عزم پورا کیا جا رہا ہے۔ کووڈ کے دوران 81 کروڑ افراد کو مفت اناج دیا گیا، 12 کروڑ بیت الخلاء بنائے گئے، اور مدرا اسکیم کے تحت 14,700 کروڑ روپے قرض فراہم کیے گئے۔ 55 کروڑ جن دھن اکاؤنٹس کھولے گئے اور آیوشمان بھارت یوجنا کے ذریعے 77 کروڑ افراد کو صحت کی مفت سہولیات دی جا رہی ہیں۔