تاثیر 28 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
کاٹھمنڈو، 28 جون :نیپال کی پارلیمنٹ میں بجٹ اجلاس اپنے آخری دنوں میں پہنچ گیا ہے لیکن اس پورے اجلاس کے دوران وزیر اعظم کے پی شرما اولی ایک دن بھی پارلیمنٹ میں تقریر نہیں کر سکے۔ وزیر اعظم اولی کو آج ایک ہفتے کے لیے بیرون ملک روانہ ہونا ہے، اس لیے عام تعطیل کے باوجود ایوان کو آج طلب کیا گیا ہے۔
اسپیکر دیوراج گھمیرے نے ہفتہ کی صبح تمام پارٹیوں کے چیف وہپس کی میٹنگ بلائی ۔ اس میٹنگ میں اسپیکر گھیمرے نے تمام اپوزیشن پارٹیوں سے اپیل کیہے کہ وہ وزیر اعظم کے خطاب کے وقت ایوان کے اندر مخالت یا مظاہرہ یا نعرے بازی نہ کریں اور وزیر اعظم کو ایوان میں باوقار انداز میں بات کرنے دیں۔
تاہم، اپوزیشن جماعتوں راشٹریہ پرجاتنتر پارٹی اور راشٹریہ سو تنتر پارٹی کے چیف وہپس نے اسپیکر کو اپنی طرف سے احتجاج جاری رکھنے کے بارے میں مطلع کیا ہے۔ اہم اپوزیشن پارٹی ماؤ نواز پہلے ہی حکومت کی حمایت کر چکی ہے، اب حکومت کے خلاف صرف دو اپوزیشن جماعتیں رہ گئی ہیں۔
راشٹریہ سوتنتر پارٹی کے چیف وہپ سنتوش پریار نے کہا کہ چونکہ حکومت ان کی بات نہیں سن رہی ہے اور ایوان کے اندر اسپیکر کا رویہ بھی ہمارے ساتھ امتیازی رہا ہے، اس لیے ہمارا احتجاج آج بھی وزیراعظم کی تقریر کے دوران جاری رہے گا۔